فٹ بال کی عالمی باڈی فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کردی۔
پاکستان کو پی ایف ایف معاملات میں بیرونی مداخلت پر معطل کیا گیا، فیفا کی رکنیت پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک معطل رہے گی۔
اس سے قبل فیفا نے خبردار کیا تھا کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹرز پر غیرقانونی قبضہ ختم نہ ہوا اور فیفا کے تسلیم شدہ پی ایف ایف اراکین کو عمارت تک رسائی اور مینڈیٹ کے تحت امور کی انجام دہی کی اجازت نہ دی گئی تو پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطل کردیا جائے گا۔
فیفا نے کہا تھا کہ فیڈریشن کی معطلی کے نتیجے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن فیفا قوانین کے آرٹیکل 13 میں درج رکنیت کے تمام حقوق سے فوری طور پر محروم ہو جائے گی اور تاحکم ثانی معطل رہے گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ پی ایف ایف کی قومی ٹیم یا کوئی بھی کلب کی ٹیم کسی بھی انٹرنیشنل مقابلے میں شرکت، پی ایف ایف اور اس کے اراکین فیفا کے مالیاتی و ترقیاتی پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کے حق سے بھی محروم ہو جائیں گے۔