• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے 2مجسٹریٹس کی تقرری

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ماہ رمضان کے دوران عوامی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے کیلئے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دو مجسٹریٹس کی تقرری کر دی۔ ان مجسٹریٹوں کو یہ کام سونپا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ دوسرے چینلز کے ذریعہ موصولہ شہریوں کی شکایات پر بھی کارروائی کریں۔ اب شہری سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز وٹس ایپ، آفیشل ہیلپ لائن اور سٹی اسلام آباد موبائل ایپ کا استعمال کرکے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز کے تحت متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اسلام آباد میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسکے ساتھ آئی سی ٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ روزانہ قیمتوں کی فہرست کے مطابق عمل درآمد کروا کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائیگا۔ مزید یہ کہ تمام اے سی/مجسٹریٹ حضرات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ فائن کلیکشن موبائل ایپ بھی لانچ کی گئی ہے۔ اب تمام اے سی و مجسٹریٹ ڈسٹرکٹ فائن کلیکشن ایپ پر معائنہ سے متعلق تمام کوائف داخل کرینگے۔ ایپ کی خصوصیات میں مقام سے باخبر رہنے، حرارت کے نقشوں اور قیمت کے رجحانات شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرینگے۔ آئی سی ٹی انتظامیہ کے دیگر قابل ذکر اقدامات میں ترلائی منڈی کا قیام، مناسب قیمت کی دکانوں کا قیام، رمضان سستا بازار، موبائل سستا بازاروں کا قیام اور ڈورسٹ دم ایپ کے ذریعے ہوم ڈلیوری شامل ہیں۔
تازہ ترین