تہران (جنگ نیوز) ایران نے اپنی اہم جوہری تنصیب نطنز میں دہشتگردی کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کردی جس سے یورینیئم افزودگی میں استعمال ہونے والے سینٹری فیوجز کو نقصان پہنچا تھا اور انتقام لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادے نے کا کہنا تھا کہ نطنز کا جواب اسرائیل کے خلاف بدلہ لینا ہے، اسرائیل کو اس کا جواب اسی کے راستے سے ملےگاʼ۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے علیحدہ بیان میں خبردار کیا کہ نطنز کو مزید جدید مشینوں کے ساتھ دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ʼپابندیوں کے خاتمے کی راہ میں ہماری پیش رفت پر صیہونی انتقام لینا چاہتے ہیں، انہوں نے کھلے عام کہا تھا کہ وہ ہمیں نہیں کرنے دیں گے لیکن ہم صیہونیوں سے اپنا بدلہ لیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ ایران کی یورینیئم افزودگی کے فرسٹ جنریشن ورک ہارس آئی آر-1 سینٹری فیوجز کو اس حملے میں نقصان پہنچا تاہم انہوں نے مزید وضاحت نہیں دی۔ پاسداران انقلاب کے ایک سابق سربراہ نے کہا کہ حملے سے سائٹ پر آگ بھی لگ گئی تھی اور ساتھ ہی نطنز میں سیکیورٹی بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔