مانسہرہ (نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتازپارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا یہ کہنا کہ ”ان کو توقع نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی والے ”باپ“کو اپنا ”باپ“ بنائیں گے اس سے بڑی گالی پیپلزپارٹی کو نہیں دی جاسکتی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خودمبینہ طور پر میاں نوازشریف اوراس کی ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو ہی ”مائی باپ“ کا درجہ دے چکے ہیں جبکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پیپلزپارٹی اور اے این پی کو دیوار کے ساتھ لگانے کی سازش کی گئی تاکہ ان کے علاوہ باقی پارٹیوں کا مستقبل قریب میں انتخابی اتحاد بنایا جاسکے،وہ منگل کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم سے مانسہرہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ استعفوں سے متعلق پیپلز پارٹی کے واضح موقف کے علم کے باوجود مارچ کی 26تاریخ کو ”طے شدہ مارچ“کو 16مارچ کو ہی استعفوں سے نتھی کیا گیا تاکہ ”لانگ مارچ“ کے التوا کو پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال کیا جاسکے۔