اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ رمضان میں شیطان بند ہوتا ہے مگر ملزمان کو ضمانت مل رہی ہے، پاکستان واحد ملک جہاں ضمانت قبل ازگرفتاری 2،2 سال برقرار رہتی ہے،قومی مفاد میں نیب کے اقدامات پر بات ہوسکتی ہے،عدالت عظمیٰ نے محکمہ بلدیات سندھ کے 200سے زائد ملازمین کی عبوری ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں محکمہ بلدیات سندھ کے 200 سے زائد ملازمین کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ضمانت قبل ازگرفتاری 2،2 سال برقرار رہتی ہے، یہ دنیا کا واحد ملک ہے جہاں فوجداری نظام انصاف کا یہ حال ہے، سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کو کہا کہ پیسے جمع کروا اور گھر جاو۔جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ رمضان میں شیطان بند ہوتا ہے اور ملزمان کو ضمانت مل رہی ہے، ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے، قومی مفاد میں نیب کے اقدامات پر بات ہوسکتی ہے۔سپریم کورٹ نے عبوری ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت عظمی نے قرار دیا کہ سندھ ہائی کورٹ میرٹ پر تمام کیسز کا جائزہ لے کر فیصلہ دے۔