• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، ضمانت کو سیاسی جیت کے طور پر پیش کرینگے، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور، کیا اب شہباز شریف پی پی کو منانے میں کردار ادا کریں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے پلان میں شہباز شریف فٹ نہیں ہوتے ہیں۔ 

شہزاد اقبال نے کہا کہ شہباز شریف ضمانت کو اپنی سیاسی جیت کے طور پر پیش کریں گے، نیب کے کیسوں میں زور صرف پریس کانفرنسوں کی حد تک ہی نظر آتا ہے،دیکھنا ہے اب شہباز شریف کا بیانیہ ن لیگ میں کس حد تک موثر ہوگا، مریم نواز بیماری یا کچھ دیگر وجوہات کی وجہ سے خاموش ہیں، نواز شریف کے استعفے دینے کے موقف میں ایک رکاوٹ اب شہباز شریف کی صورت بھی سامنے آئے گی۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کا مطلب یہ نہیں کہ وہ رہا ہوگئے

 احد چیمہ کو تین سال قید کے بعد آج رہائی ملی ہے اس دوران ان کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، شہباز شریف پی ڈی ایم میں آصف زرداری کے بیانیہ کے زیادہ قریب نظر آتے ہیں،نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے پلان میں شہباز شریف فٹ نہیں ہوتے ہیں، شہباز شریف ایسے کسی بھی پلان کی مخالفت کریں گے، شہباز شریف استعفوں، لانگ مارچ اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے سخت خلاف ہیں۔ حسن نثار نے کہا کہ اپوزیشن قیادت کے کیسوں کے چکر میں ملک رُل گیا ہے، عوام کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے گرفتارہونے یا رہا ہونے سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مریم نواز ضمانت پر ہیں وہ صبح درخواست دیتی ہیں شام کوا ن کی ضمانت ہوجاتی ہے، شریف خاندان کو ایسا ملک اور ایسا نظام انصاف کہاں ملے گا

 شہباز شریف کی جمہوریت پر صدقے جائیں وہ کہتے ہیں کہ الیکشن سے ایک مہینے پہلے وہ وزیراعظم بن گئے تھے اور ان کی کابینہ کے نام بھی فائنل ہوگئے تھے۔

تازہ ترین