محکمہ سیاحت و ثقافت سندھ نے غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کےلیے تاریخی مقامات پر فیس کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر سیاحت و ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ نے ہدایت کی ہے کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے صوبے کے ثقافتی و تاریخی مقامات کی فیس میں کمی کی جائے۔
ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت محکمہ نوادرات و آثار قدیمہ کا اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نوید انتھونی، سیکریٹری ثقافت و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر نے صوبے کی تمام سائیٹس پر پبلک شیلٹر، پانی کی سہولت سمیت صفائی کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ غیر ملکی و ملکی سیاحوں کیلئے سائیٹس پر فیس میں مزید کمی کی جائے، سندھ کی سائیٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور وہاں سیاحوں کو مکمل معلومات اور سہولیات فراہم کی جائے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کی تاریخ کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک آسانی سے پہنچایا جائے، قدیم ثقافتی تہذیبی ورثے ہماری پہچان ہیں ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔