• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر متاثرہ خاتون کی ہائیکورٹ میں درخواست

اسلام آباد (خبر نگار) چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بغیر وارنٹ گھر میں گھسنے اور تین گھنٹے تک تلاشی لینے پر متاثرہ خاتون نے پولیس تھانہ کورال کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔ نوشابانہ عثمان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ آج کریں گے۔خاتون نے کاشف علی ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں آئی جی اسلام آباد ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ، ایس ایچ او تھانہ کورال ، ایس ایچ او لوہی بھیر اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب ایس ایچ او تھانہ کورال شوکت عباسی کی سرابراہی میں تھانہ کورال اور لوہی بھیرکی پولیس تین گھنٹےتک گھر کی تلاشی لیتی رہی ، پولیس وردی اور سادہ کپڑوں میں مسلح افراد بغیر وارنٹ اور لیڈی پولیس گھر میں گھسے ، اہلکاروں نے اسلحے کی نوک پر کمسن بچوں سمیت کئی گھنٹے تک محبوس اور یرغمال بنائے رکھا ، اسلحہ دکھا کر موبائل چھین لئے اور کمرے میں بند کر دیا ، پولیس والےگھر سے ڈی وی آر ریکارڈر بھی زبردستی ساتھ لے گئے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ راجہ خرم نواز سے شوہر چوہدری عثمان اکرم کے کاروباری تنازعہ پر انتقامی کارروائی کی گئی ۔
تازہ ترین