• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیسز میںاضافہ، کئی ممالک میں دوبارہ لاک ڈائون کے خلاف احتجاجی مظاہرے

پیرس/ کراچی (اے ایف پی/نیوز ڈیسک) دنیا کے کئی ممالک میں کورونا کیسز میں اضافے اور تیسری لہر کے بعد دوبارہ لاک ڈائون نافذ کرنے پر مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔ ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے گیمز کے محفوظ انعقاد کیلئے غیر ملکی تماشائیوں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، پولینڈ، فرانس اور یوکرین میں نئی پابندیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے کیئے جارہے ہیں۔ مظاہرین نے لاک ڈائون اور پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پولینڈ، فرانس، یوکرائن کے شہریوں کو نئی پابندیوں کا سامنا،فلپائن میں گرجا گھر بند، ریستورانوں کے اندر کھانے پینے پر پابندی لگادی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارےکےمطابق کورونا میں اضافے کےباعث کئی یورپی ممالک کی جانب سے جزوی لاک ڈائون لگانے کے بعد ہزاروں مشتعل مظاہرین نے یورپ کے بیشتر شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں ، کورونا وائرس سے ابتک دنیابھرمیں 27لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ اب یہ وائرس بہت تیزی سے پھیل رہاہے اور اس نے حکومتوں کو ایک بار پھر سماجی فاصلے اور نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنے پر مجبور کردیاہے،پولینڈ ، فرانس کے کچھ حصوں اور یوکرائن کے دارالحکومت کے رہائشیوں کوکورونا کی تازہ پابندیوں کا سامنا ہے ، کورونا کی پابندیوں کے باعث جرمنی، برطانیہ اور سوئٹزر لینڈ کے شہریوں میں غصہ پایاجارہاہے۔جرمنی کے شہر ’’کھاسل‘‘ میں بھی مظاہرہ کیاگیا جس میں لاک ڈائون کے خاتمےکا مطالبہ کیاگیا۔بھارت میں 41 ہزار کے قریب نئے کیسز اور 188 ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد کئی شہروں میں دوبارہ لاک ڈائون نافذ جبکہ کمبھ کا میلہ منسوخ کردیا گیا ہے نصف کیسز ریاست مہاراشٹرا میں سامنے آئے، دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا کیسز سامنے آنے پر 6 مساجد عارضی طور پر بند کردی گئیں، ادھر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایسٹرازینکا ویکسین کو محفوظ قرار دیے جانے کے باوجود ڈنمارک، ناروے، سوئیڈن اور فن لینڈ کا کہنا ہے کہ وہ ایسٹرازینکا کے دوبارہ استعمال سے قبل اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں گے، فرانس، جرمنی اور اٹلی نے کورونا وائرس کی ایسٹرازینکا کی بنائی گئی ویکسین کا استعمال دوبارہ سے شروع کر دیا ہے، برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے ایسٹرازینکا ویکسین کی پہلی خوراک لے لی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی ویکسین لگوائیں، دریں اثناء سعودی عرب میں وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا ہے کہ ہفتے کو ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 382 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 271 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے، وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید چھ مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 602 ہو گئی ہے۔علاوہ ازیںکورونا وائرس کے باعث فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں گرجا گھروں کو بند ، ریستورانوں کے اندر کھانے پینے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ دارالحکومت کے باہر غیرضروری سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔
تازہ ترین