• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک لبیک پر پابندی مناسب نہیں، نظرثانی کی جائے، علماء

لاہور، شیخوپورہ ( وقائع نگار خصوصی، نمائندہ جنگ)تحریک لبیک پاکستان پر لگائی جانے والی پابندی پر اپنے ردعمل میں علماء کرام نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی کسی صورت مناسب اقدام نہیں ہے ۔اس پر نظر ثانی کی جائے۔وزیراعظم سے اس معاملے میں غلطی ہوئی۔جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا کہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی اداروں سے تصادم کسی صورت مسلک اہل سنت کا رویہ نہیں ہے۔احتجاج ہر شہری کا حق ہے مگر احتجاج میں تشدد اور دہشت کا عنصر قابل مذمت ہے ۔تحریک لبیک پر پابندی مناسب اقدام نہیں ہے ۔اس پر نظر ثانی کی جائے۔ الیکشن کمشن کے پاس رجسٹرڈ جماعت کو کالعدم قراردینا افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ پرتشدد واقعات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ جس نے جھوٹ پر مبنی معاہدہ کیا ۔ رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان پر لگائی جانے والی پابندی ملکی سیاست کے لیے درست نہیںہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جلیل شرقپوری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں مگراس معاملے میں ان سے غلطی ہوئی ہے ناموس رسالت کے حوالے سے عالمی اسلامی کانفرنس بلائی جائے۔کالعدم تحریک لبیک پا کستان کے نائب مرکزی امیر پیر سید ظہیر الحسن شاہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کا رکنان پرامن رہیں ، توڑ پھوڑ ،جلاؤ گھیراؤ ہمارا کام نہیں، شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، جبر و تشدد، ظلم و بربریت اور جھوٹی ایف آر من گھڑت افواہوںسے زمہ داران اور کارکنان کے حو صلے پست نہیں ہو سکتے ۔ علامہ سعد حسین رضوی پر حراست میں تشد د کسی صورت قبول نہیں کر یں گے۔

تازہ ترین