• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے بڑھ گئی


وفاقی وزیر پلاننگ اور منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے بڑھ گئی ہے، آکسیجن کی فراہمی اس وقت دباؤ کا شکار ہے، اسپتال کورونا کے مریضوں سے مسلسل بھر رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہاکہ ملک میں تشویشناک مریضوں کی موجودہ تعداد گزشتہ سال کی سب سے زیادہ تعداد سے 30 فیصد زائد ہے، ہمیں پہلے سے زیادہ حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 73 افراد انتقال کرگئے ہیں، 18 اپریل کو 60 ہزار 162 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، 5 ہزار 152 نئے مریض سامنے آئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 8فیصد رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کم ہو رہا ہے، ہم ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرکے بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں، دنیا میں روزانہ کورونا کے کیسز 7 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پردنیا میں کورونا سے 13 ہزار اموات ہورہی ہیں، جب سے کورونا آیا ہے اب ہم متاثرین کی تعداد بہت خراب دیکھ رہے ہیں،ہمارا ہمسایہ ملک شدید بحران میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران میں روزانہ 300 سے زائد اور بھارت میں روزانہ 1600 سے زائد اموات ہو رہی ہیں۔


تازہ ترین