• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یتیموں کی کفالت پر گزشتہ سال ڈیڑھ کروڑ روپےخرچ کیے گئے،الخدمت فائونڈیشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد ، جنرل سیکرٹری قمر ابراہیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں مخیر حضرات یتامیٰ پراجیکٹ سمیت دیگر پراجیکٹس میں مالی تعاون کریں یتیموں کی کفالت کرکے ہم انسانیت کو بچاسکتے ہیں ۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت تعلیم و صحت کے پراجیکٹس مخیر حضرات کے تعاون سے چل رہے ہیں رمضان المبارک اور کورونا وباء کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو مزید بہتر کریں گے ۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاط ، صفائی و احتیاطی تدابیر پر عمل کی ضرورت ہے مساکین ، معذور ، یتیم اور مستحقین کی مدد کرکے روحانی سکون اور دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں رمضان المبارک میں فنڈز ریزنگ ، راشن تقسیم ، کورونا وباء سے بچاء ، متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں و جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کورونا لاک ڈاؤن سمیت ہر آفت و مصیبت میں متاثرین ، غرباء و مساکین کی بھر پور مدد کی بلوچستان کے مخیر حضرات نے جس طرح الخدمت پر اعتماد کیا الخدمت نے بھی صوبہ بھر میں اسی طرح دیانت داری کیساتھ بہترین کام کیا الخدمت فاؤنڈیشن خوشیاں بانٹنے اور غم سمیٹنے والی تنظیم ہے ہر فرد و ادارہ اگر اپنے حصے کا کام دیانت داری و اخلاص سے کرئے تو مسائل میں کمی ضرور آئیگی الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان بھر میں ڈھائی سو بچوں کی کفالت کررہا ہے ان بچوں کے تعلیمی اخراجات خوراک ، تعلیمی ضروریات اور تربیت الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یتیموں کی کفالت پر گزشتہ سال ڈیڑھ کروڑ روپےخرچ کیے گئےصاف پانی کی فراہمی کے 65 پراجیکٹس چل رہے ہیں جن پر گزشتہ چھ ماہ کے دوران 54 لاکھ روپے خرچ ہوئے مختلف اضلاع کے مستحق معذوروں میں ایک سو ویل چیئرز تقسیم کیے ، چار اضلاع میں بارہ ایمبولینس مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں کوئٹہ میں ایک جدید لیبارٹری کام کررہا ہے جس نے گزشتہ چھ ماہ میں چار ہزار مریضوں کے ٹیسٹ کیے۔
تازہ ترین