وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے اسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں کورونا وارڈز میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی، متعدد مریض اس وقت ایمرجنسی روم میں آکسیجن پر ہیں۔
پمز انتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے وزراتِ نیشنل ہیلتھ سروسز کو متبادل انتظامات کرنے کی درخواست کے لیے خط لکھ دیا۔
پمز اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے ڈین کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد اسپتال پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پمز میں کورونا مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے اور متعدد مریض اس وقت ایمرجنسی روم میں آکسیجن پر ہیں۔
خط میں درخواست کی گئی ہے کہ اس ضمن میں وزارتِ نیشنل ہیلتھ سے رابطہ کیا جائے اور اس معاملے سے اسے آگاہ کیا جائے تاکہ وزارت اسلام آباد کے دیگر طبی مراکز میں سہولتوں اور استعدادِ کار کو بڑھائے اور کورونا کے مریضوں کو وہاں علاج مہیا کیا جاسکے۔