• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رمضان نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا

رمضان میں کھیلوں کی سرگرمیاں گاہے بگاہے نظر آتی ہیں لیکن جب سے نیا ناظم آباد رمضان نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا ہے شائقین فٹ بال کو عمدہ اور بہترین فٹ بال میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ اس سال بھی یہ ٹورنامنٹ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ٹورنامنٹ کاآغاز رنگا رنگ تقریب اور قومی ترانے سے ہوا۔ افتتاحی میچ میں شریک ٹیموں نیشنل سوکر کلب اور عبدل ایف سی کے کھلاڑیوں کا تعارف مہمان خصوصی سوئی سدرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹرعمران منیار سے کرایا گیا۔ 

اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد، محمد سمیع، قومی فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین، نیا ناظم آباد جیم خانہ کے صدر سید محمد طلحہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل اور منیجر اسپورٹس محمد آصف بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی عمران منیار کا کہنا تھا کہ انہیں نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی زبردست سہولیات دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی۔ ایک اچھے معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کو اہمیت دینا ناگزیر ہے۔ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نیا ناظم آباد کے چیئرمین عارف حبیب کا ویژن بہترین ہے۔ 

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستانی فٹ بال پر عالمی سطح پر پابندی عائد کردی گئی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں اس کھیل کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کی جائیں اور ان کی بھرپور رہنمائی اور سرپرستی کی جائے۔ عمران منیار نے مزید کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کھیلوں کے فروغ کے لیے نیا ناظم جیسے ہائوسنگ سوسائٹی اور منتظمین کو بھرپور سپورٹ کرے گا۔ بعدازاں کھیلے گئے میچ میں نیشل سوکر کلب اور عبدل ایف سی کا میچ دلچسپ مقابلے بعد بغیر کسی کے اختتام پذیر ہوا ۔

دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔ نیشنل سوکر کلب کے ابراہیم علی اور عبد ل ایف سی کے علی رضا کو مشترکہ طور پر ماشا یونائیٹڈ مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا- ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں نیشنل سوکر نے خیبر مسلم کو شکست دی- میچ کے مہمان خصوصی سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر سر سید انجینئرنگ و ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار تھے۔ انہوں ارشاد احمد کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا- مبشر مختار نے کہا کہ نیا ناظم آباد کرکٹ کے بعد اب فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ 

جیم خانہ کے صدر سید محمد طلحہ، آرگنائزنگ سیکرٹری اورنیشنل کوچ ناصر اسماعیل، مارکیٹنگ منیجر سید احمر رضوی، منیجر اسپورٹس محمد آصف اور دیگرکا کہنا تھا کہ نیا ناظم آباد کو اسپورٹس سٹی بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔ اس سال فٹبال ایونٹ کر وا رہے ہیں آیندہ سال فٹسال، ہاکی اور باسکٹ بال کے مقابلے بھی کروائیں گی۔ کوشش ہے کہ منی اولمپک کی میزبانی کریں- پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے- نوجوانوں کے درمیان مقابلوں سے ان کے کھیل میں نکھا ر آئے گا۔ 

سید محمد طلحہ نے بتایا کہ ایونٹ میں 12 ٹیمیں مدمقابل ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سنگل لیگ کے بعد ہر گروپ سے ایک ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ فاتح ٹیم ایک لاکھ روپے اور ٹرافی کی حقدار ہوگی، رنرز اپ ٹیم کو 75 ہزار روپے دیئے جائیں گے جبکہ فیئر پلے ٹرافی حاصل کرنے والی ٹیم کو 20 ہزار روپے ملیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور ٹاپ اسکورر کو دس دس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دوران کورونا وائرس ایس او پیز کی مکمل پابندی کی جائے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین