مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے وزیرِ اعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ یقیناً آپ کی حکومت کی کارکردگی تاریخی ہے لیکن یہ بربادی کی ہے۔
اسلام آبا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آپ کے دور میں سب سے بڑی مہنگائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کہتے ہیں کہ ڈھائی سال پر فخر ہے، آپ نے ڈھائی سال میں پاکستانی کی ترقی کا سب سے بڑا کریش کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ پنجاب میں وسیم اکرم پلس دیا ہے، پنجاب میں پوری انتظامیہ دونوں ہاتھوں سے مال بنانے میں لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود پی ٹی آئی کے ممبر کہتے ہیں کہ پنجاب میں ایسا حال پہلے نہیں دیکھا، حالت یہ ہے کہ ماسک پہنانے کیلئے بھی آپ کو فوج کی ضرورت پڑ رہی ہے۔
نون لیگی رہنما نے سوال کیا کہ کہاں ہے سول انتظامیہ؟ ہمارے دور میں یہی سول ادارے کام کرتے تھے، آپ نے افسران پر جھوٹے مقدمے بنابنا کر سول سروس کا مورال ختم کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے جن نااہل لوگوں کو سائیڈ پر کیا آپ نے انہیں کلیدی عہدے دیئے، نیب کے ذریعے آپ نے ماحول تباہ کر دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اب پیسہ یہاں سے بھاگ رہا ہے، عمران خان آپ واپس جائیں، شوکت خانم کو آپ کی ضرورت ہے۔
اپنے اوپر بنائے گئے مقدمات کے متعلق انہوں نے کہا کہ کیس یہ ہے کہ پاکستان میں جدید ترین کھیلوں کا مرکز کیوں بنایا؟
90 فیصد پراجیکٹ مکمل تھا، اس حکومت نے فنڈنگ روک کر اسے کھنڈر بنا دیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی ٹرف کو وارنٹی ختم کر کے ضائع کر دیا گیا، جو یہ نقصان ہوا کیس دراصل اس پر بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں تمام ضابطوں کو پورا کیا گیا تھا، جبکہ کرتار پور منصوبہ 17 ارب کا بنا، جس کی کابینہ سے منظوری اب لی جا رہی ہے۔۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ کیا یہ کھلا تضاد نہیں، میں تمام ضابطے مکمل کر کے جیل کاٹ آیا، دوسری جانب ایک منصوبے پر کوئی ضابطہ پورا نہیں ہوا اور کوئی جوابدہ نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پی ٹی آئی والے بھی اسی موٹر وے سے فائدہ اٹھاتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے پاکستان کے اندھیرے دور کیئے تھے۔