• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے، چیئرمین نیب

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آگاہی و تدارک ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نیب ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم پر پوری طرح قائم ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے ایک فرد اپنے مقصد کے لیے حیثیت کا ناجائز استعمال کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رشوت اور مالی بدعنوانی پاکستان کی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے، کرپشن معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرپشن اب ملک کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے، ترقی یافتہ ملکوں نے ایسے اقدامات کیے جن سے کرپشن کم ترین سطح پر آگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کے خلاف جنگ کے لیے تمام فریقین سے مسلسل رابطہ میں رہا ہے، انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی و تدارک پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز اور کالجز میں آگاہی پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

تازہ ترین