کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ نے امیر خاندانوں کو 43؍ اور پی ٹی آئی کی حکومت نے 56 امیر خاندانوں کو 20ارب روپے سے زائد کی ایمنسٹی دی، امیر طبقے کو نوازنا عمران خان کی تبدیلی ہے۔
نئے پاکستان کی ایمنسٹی اسکیموں میں ٹیکس چوروں کیلئے ریلیف اور ٹیکس دینے والے تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی ہے، عمران خان ایک ہاتھ سے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو بے نامی جائیدادوں کو قانونی کرنے کی ایمنسٹی دیتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے مہنگی بجلی کا آرڈیننس جاری کردیتے ہیں۔
میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نےوزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والے عمران خان نے امیروں کیلئے الگ اور غریبوں کیلئے ایک الگ پاکستان بنا دیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف اور صرف ملک کے مخصوص سرمایہ دار خاندانوں کو ہو رہا ہے۔
نئے پاکستان میں سرمایہ دار اور صنعت کار صارفین سے ٹیکس وصول کرکے خود ایمنسٹی اسکیموں سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ن لیگ نے 135 امیر خاندانوں کو اپنے دور حکومت میں 43 ارب روپے تک کی ایمنسٹی دی۔
پی ٹی آئی حکومت نے 56 امیر خاندانوں کو 20 ارب روپے سے زائد کی ایمنسٹی دی، امیروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا دعویٰ کرکے ایمنسٹی اسکیمز دینے والے بتائیں کہ عام آدمی کیلئے انہوں نے کیا کیا؟