• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید لطیف نے جرم نہیں کیا تو عدالت سے ریلیف مل جائیگا،شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فرازنے کہا ہے کہ ہمارے وینٹی لیٹرز بین الاقوامی معیار کے ہوں گے، تین چار کمپنیاں وینٹی لیٹرز تیار کررہی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں،جاوید لطیف نے کوئی جرم نہیں کیا تو عدالت سے ریلیف مل جائے گا، وزیراعظم نے واضح کہہ دیا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، صورتحال بہتر نہ ہوئی تو لاک ڈاؤن کیلئے مجبور ہوں گے، عید کی پانچ سے چھ چھٹیاں ہوں گی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ اور ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جاوید لطیف نے اپنے بیان کی وضاحت دی اس کے باوجود ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا،حکومت اینٹی کرپشن اور نیب کے ذریعے جاوید لطیف کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی تھی ،نواز شریف علاج مکمل کروانے کے بعد ضرور واپس آئیں گے۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جاوید لطیف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، جاوید لطیف کے بیان پر آرٹیکل 4نہیں لگتا ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، ان کی اہلیہ اور بچوں نے بہت رگڑے کھائے ہیں، نواز شریف کو علاج اچھا ملا یا برا ملتا انہیں پاکستان میں ہونا چاہئے تھا، نواز شریف کی غیرموجودگی میں اپیلیں سنی جانا غلط ہوگا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فرازنےکہا کہ جتنے بھی وینٹی لیٹرز بنتے ہیں ان کو ڈریپ اور پاکستان انجینئرنگ کونسل اپروو کرتے ہیں، تین چار کمپنیاں وینٹی لیٹرز تیار کررہی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں،ہمارے وینٹی لیٹرز بین الاقوامی معیار کے ہی ہوں گے، فواد چوہدری سے کسی بحث میں نہیں پڑنا چاہتا وہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رہ چکے ہیں زیادہ جانتے ہوں گے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم جاوید لطیف کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا گیا،جاوید لطیف نے کوئی جرم نہیں کیا تو عدالت سے ریلیف مل جائے گا، جاوید لطیف کو ایسے غیرذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہئیں کچھ حدود و قیود ہونی چاہئیں، فروغ نسیم بطور وزیرقانون عدالت میں کوئی کیس نہیں لڑسکتے تھے اس لئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وزارت سے استعفیٰ دے کر وکیل بنے تھے۔ شبلی فراز نے کہا کہ قانون سے مبرا کوئی نہیں ہے، ماضی میں لوگوں نے اقتدار کو ذاتی فائدے کے لئے استعمال کیا ان کا احتساب ہونا چاہئے، وزیراعظم نے واضح کہہ دیا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، اگر ہم دہرا معیار رکھیں تو ہمارے حکومت میں رہنے کا جواز نہیں بنتا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں اشرافیہ قانون سے بالاتر ہو، اسحاق ڈار وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر ملک سے بھاگ گئے، ن لیگ تیس پینتیس سال حکومت کرنے کے بعد انصاف نہ ملنے کا گلہ کررہی ہے۔

تازہ ترین