کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 2 سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا ، پتھراؤ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے، نامعلوم شخص نے ہوائی فائرنگ کی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بلدیہ نمبر 4 میں دو سیاسی پارٹیوں کی ریلی آمنے سامنے ہوئی تو کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جو کہ بڑھتے بڑھتے جھگڑے پر جا پہنچی۔
ترجمان پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) نے الزام لگایا کہ بلدیہ میں پی ایس پی کے انتخابی کیمپ پر انتخابات میں حصہ لینے والی مخالف سیاسی جماعت کے کارکنان نے فائرنگ کی جس سے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔
اس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوی نے جیو نیوز سے بات کرتےہوئے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے کارکنان کے جھگڑے کے دوران ایک شخص پتھر لگنے سے زخمی ہوا جس کے بعد نامعلوم شخص نے ہوائی فائرنگ کی لیکن فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائرنگ کرنے والے شخص کی تلاش جاری ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔