• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنبل اب اُٹھ جاؤ، ہم تمہارے ہی انتظار میں ہیں: بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے وینٹیلیٹر پر موجود اپنی بہن سنبل شاہد اور بیمار والدہ کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بہن سنبل شاہد کے ہمراہ لی گئی یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ کسی تفریحی مقام پر موجود ہیں۔


سینئر اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں اپنی بیمار بہن سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’سنبل شاہد اُٹھ جاؤ، میری بہن ہم تمہارے ہی انتظار میں ہیں۔‘

اُنہوں نے اس مشکل گھڑی میں اللّہ تعالیٰ سے دُعا بھی کی۔

اس کے علاوہ بشریٰ انصاری نے اپنی والدہ اور بہن سنبل شاہد کی بھی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔


بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میری بہن سنبل شاہد اور والد محمودہ بشیر دونوں ہی شدید علیل ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ان دونوں کو اس حالت میں دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ ہم پر اپنا رحم فرما۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔

سنبل شاہد کو بگڑتی صحت کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا جس کے بعد اداکارہ اسما عباس نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن سنبل شاہد کی صحت کے لیے دعا کریں کیونکہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔

قبل ازیں بشریٰ انصاری نے اپنی بہن کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی طرح اُن کی بہن سنبل شاہد بھی کئی نامور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں۔

تازہ ترین