دنیا گلوبل ولیج سے سمٹ کرآپ کے ہاتھ میں میں موجود موبائل میں آچکی ہے۔ اب جب ہر چیز آن لائن ہے تو آپ بھی صرف مقامی سطح پراپنا کاروبار کیوں کریں؟ کیوں نہ اسے عالمی سطح پر پھیلائیں؟ مگر جس طرح کسی بھی کاروبار کا آغاز کرنا آسان نہیں ہوتا اسی طرح اس کو توسیع دینے کا عمل بھی بائیں ہاتھ کا کھیل نہیں۔ اوّل بات تو یہ کہ انٹرپرینیور بننا کسی ایڈونچر سے کم نہیں، اور پھر اسے بین الاقوامی طورپر وسعت دینا اس ایڈونچر کو اور بھی بلندی پر لے جاتا ہے۔
یہ امر مسلم ہے کہ بین الاقوامی تجارت سے سیلز اور منافع میں اضافہ ہوتا ہے، کمپنی کی ساکھ بڑھتی ہے ، نئی ملازمتیں وجود میں آتی ہیں اور سب سے بڑی تشفی یہ ہوتی ہے کہ آپ مقامی نہیں بلکہ بین الاقوامی تاجر ہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی بزنس پلان ہے تو سرحد پار جانے سے پہلے آپ کو کچھ ہوم ورک کرنا ہوگا۔
کمپنی کا ہر فرد اہم ہے: کمپنی ایگزیکٹو سے لے کر کسٹمر سروس کے نمائندے تک ہر ملازم آپ کی بین الاقوامی ٹیم کااہم رکن ہونا چاہیے جوانجینئرنگ، پرچیزنگ، پروڈکشن اور شپنگ جیسے محکموں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہوتے ہیں۔
عالمی مارکیٹ تک رسائی کے لیے بزنس پلان بنائیں: آپ کی کمپنی کی موجودہ حیثیت اور کمپنی کے اندرونی اہداف اور عزائم (Mission)کو بیان کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی بزنس پلان بہت اہمیت رکھتاہےلیکن یہ ضروری نہیں کہ آپ کا یہ پلان آپ کو مطلوبہ نتائج بھی دے ۔
بین الاقوامی سطح پر بزنس کے پھیلاؤ کے لیے کتنی سرمایہ کاری درکار ہوگی؟ معلومات حاصل کریں کہ کیا بین الاقوامی سطح پر کاروبار پھیلانے کے لیے درکار سرمایہ کاری آپ کے مقامی بزنس کے منافع کا 10فیصد ہوگی یا جس قدر ضرورت پڑتی جائے گی آپ اس قدر سرمایہ کاری کرتے چلے جائیں گے۔
عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے کم سے کم 2 سال درکار ہیں : ہر چیز وقت مانگتی ہے۔ عالمی سطح پر ایک ساکھ والی عظیم کمپنی یا برانڈ بننے کے لیے وقت اور صبر درکار ہیں۔ محنت، لگن اور صبر و استقامت سے آپ کو اپنے کاروبار کی کشتی کو رواں دواں رکھنے کی ضرورت ہے، ایک نہ ایک دن وہ کامیابی کی بندرگاہ پر ضرور لنگرانداز ہوگی۔
مارکیٹ ریسرچ پر توجہ دیں: آپ کو یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ دنیا کے کس خطے میں آپ کی پراڈکٹ کی طلب زیادہ ہو سکتی ہے۔ مارکیٹ ریسرچ ایک طاقتور ٹو ل ہے جو آپ کو تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ کی کھوج میں مدد دیتاہے۔
پراڈکٹ یا سروس کا انتخاب کریں: آپ اپنی تمام تر مصنوعات اور خدمات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف نہیں کرواسکتے، لہٰذا وہ چیز منتخب کریں جو لوگ قبول کریں اور پھرآپ اسی پراڈکٹ یا سروس پر توجہ مرکوز رکھیں۔
مخصوص جغرافیائی خطے میں پراڈکٹ کی فروخت کے لیے ڈیٹا حاصل کریں: کیا آپ آسٹریلیا میں موجود ایک کسٹمر کو چند یونٹس بیچنا چاہتے ہیں یا برطانیہ میں ریٹیلرز کوماہانہ 40کنٹینرز بھیجنا چاہتے ہیں۔ آپ کا ہوم ورک آپ کو اس قابل بنائے گا کہ ایک مخصوص مدت میں آپ سمندر پار کتنی سیلز کرنے کے قابل ہیں ۔
برآمد کرنے کے لیے اپنی پراڈکٹ تیار کریں : مقامی مارکیٹ سے باہر اپنی پراڈکٹ فروخت کرنے سے پہلے آپ کو توقع ہونی چاہیے کہ آپ کی پراڈکٹ عالمی سطح پر قبول کر لی جائے گی۔ عالمی سطح پر کسی بھی پراڈکٹ کومنوانے میں ا س کی پیکجنگ بہت اہم کردار ادا رکرتی ہے۔ کسی بھی پراڈکٹ کیٹیگری میں آپ کوا پنی پیش کردہ پراڈکٹ بہترین انداز میں پیش کرنی ہے، جس کے بعد آ پ اسے دنیا میں کہیں بھی فروخت کرنے کے قابل ہوںگے۔
ماہرین کی خدمات حاصل کریں: ایک عمدہ قانون دان، ایک تجربہ کار بینکار، ایک قابل اکائونٹنٹ اور ٹرانسپورٹ کے ماہر کی خدمات حاصل کرکے آپ بآسانی بین الاقوامی ٹرانزیکشنز کر سکتے ہیں۔ ہو سکتاہے آپ کو ان کی خدمات حاصل کرنا مہنگا پڑے مگر ان کی شمولیت کے بغیر آپ کو بھاری نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑسکتاہے۔
پرائسنگ، مالیات کے دیگر آپشنز اور شرائط وضوابط طے کریں : اپنی پراڈکٹ کی قیمتوں کا تعین اور پیشگی ادائیگیوں کے لیے شرائط و ضوابط طے کریں۔ کبھی بھی ایک اوپن اکائونٹ پر اپنے نئے کسٹمر کو پراڈکٹ فروخت نہ کریں۔ آپ کو شرائط و ضوابط کے بغیر کوئی ڈیل نہیں کرنی چاہیے۔
دستاویزات مکمل اور درست رکھیں: اپنا ایکسپورٹ لائسنس اور دیگر دستاویزات تیار رکھیں۔ اگر آپ کو ان کےحصول میں مشکلات کا سامناہے تو فریٹ فارورڈر (Frieght Forwarder)کی خدما ت حاصل کریں جو فارم پُر کردیں گے۔ ان سے ہر قسم کا سوال کریں اور ان کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔
ویب سائٹ بنوائیں اور سمجھ داری سے اپنا انٹرنیشنل پلان لاگو کریں: بہت سی کمپنیاں اور فری لانسرز ہیں جو معقول معاوضے پر ویب سائٹ تیار کردیتے ہیں۔ آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کی ویب سائٹ کونسی زبان میں ہونی چاہیے۔
انگریزی زبان دنیا بھر میں سمجھی جاتی ہے لیکن یورپ کی صرف 28فیصد آبادی اسے پڑھ سکتی ہے جبکہ یہ شرح جنوبی امریکا میں تو اور بھی کم ہے۔ ایسے میں ممکن ہے کہ اپنی ٹارگٹ مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے آپ کو ایک سے زائد زبانوں میں اپنی ویب سائٹ تیار کروانی پڑے۔