کراچی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 ضمنی انتخاب سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک فافن نے رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق حلقے میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے 143 واقعات ریکارڈ ہوئے۔ جبکہ 58 خلاف ورزیاں ووٹ ڈالنے اور گننے سے متعلق ہیں۔
فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 واقعات میں ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے روکتے ہوئے واپس بھیج دیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 40 فیصد افراد ووٹنگ سے جزوی جبکہ دیگر مکمل مطمٸن رہے۔
فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمضان اور گرم موسم کے باعث ووٹرز ٹرن آوٹ کافی کم رہا، الیکشن کمیشن کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی تعمیل کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سخت مقابلے کے باوجود رجسٹرڈ ووٹرز کا ٹرن آوٹ 21.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا، 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں ٹرن آوٹ 40 فیصد کم رہا۔
فافن نمائندوں کی جانب سے 98 پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی رائے لی گئی۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ این اے249 میں 12سیاسی جماعتوں کے امیدوار اور 18 آزاد امیدواروں نے حصہ لیا، 73471 ووٹ کاسٹ کیے گئے اور جیتنے والے امیدوار نے 22فیصد ووٹ حاصل کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن2018میں فیصل واوڈا کامیاب ہوئے تھے،اور27فیصد ووٹ حاصل کیے تھے، تمام پولنگ اسٹیشن پر تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس موجود تھے۔