• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنیرا کا ڈیفنس میں کُھلے مین ہولز کو لاک کرنے کا مطالبہ

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کُھلے مین ہولز کے ڈھکن کو لاک کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شنیرا نے ایک نجی خبر رساں ادارے کی خبر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ نیو کراچی کے علاقے میں 12 سال کا بچہ سیوریج کے مین ہول میں گِر کر جاں بحق ہوگیا۔

شنیرا نے اس خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کی توجہ اس جانب دلائی تھی کہ تمام مین ہولز کو ڈھک دیا جائے۔‘

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے کہا کہ ’میری توجہ دلانے پر انتظامیہ نے ایسا ہی کیا اور تمام مین ہولز ڈھک دیے لیکن کچھ عرصے کے بعد اُن مین ہولز کے ڈھکن چوری ہوگئے۔‘

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ ’ہمیں تمام مین ہولز کو ڈھک کر اُنہیں لاک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کئی افراد اس کی وجہ سے زخمی اور جاں بحق ہوچکے ہیں۔‘

شنیرا نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے مناسب طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ شنیرا کراچی کے مختلف مسائل پر اکثر اپنی آواز بلند کرتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین