• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، ضمنی انتخابات ،سیاسی جماعتوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا،انتخابی مہم عروج پر

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے8پر ہونیوالے ضمنی انتخابات  کیلئے سیاسی سرگرمیوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور شروع کردیا ہے،12مئی کو حلقہ کے ایک لاکھ 22ہزار ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ضمنی انتخابات کیلئے98پولنگ سٹیشن قائم کردئیے گئے ہیں ، پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ارباب اکبر حیات کی وفات سے خالی ہونیوالی صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخابات 12مئی کو ہوں گے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی اور جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا جاچکا ہے، ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا دن قریب آنے کیساتھ ہی حلقہ میں سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے اور پی کے8کے درودیوار انتخابی امیدواروں کے بینرز، تصاویر ، پوسٹرز اور جھنڈوں سے سجا دئیے گئے ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، ضمنی انتخابات کیلئے صوبہ کی پانچ بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں موجود ہیں، صوبہ کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو اپنے اتحادی قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل ہے جبکہ12مئی کو اپوزیشن کی چاروں جماعتیں جے یو آئی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور اے این پی ایک دوسرے کیخلاف میدان میں اتریں گی ،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے8 کےسابقہ انتخابی ریکارڈ کے مطابق مذکورہ حلقہ سے جمعیت علمائے اسلام ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوتے آرہے ہیں تاہم اتحادی جماعتوں کی حمایت اور اپوزیشن جماعتوں کی بے اتفاقی کے بعد اس مرتبہ تحریک انصاف کی پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے تاہم باقی جماعتوں کا بھی حلقہ میں کافی ووٹ بنک موجود ہے اسلئے پی کے8کس کے نام ہوتا ہے اس کا فیصلہ12مئی کو ہی ہوگا ،، تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کیلئے شہزاد خان، جے یو آئی نے سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داؤدزئی، پیپلز پارٹی نے سابق ایم پی اے ملک طہماش خان جبکہ اے این پی نے اعجاز سیماب کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ 
تازہ ترین