• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیشنل لا انفورسمنٹ اداروں کا بدنام زمانہ ڈارک ویب کے خلاف آپریشن، سائیٹ بند، 4 افراد گرفتار

ڈبلن( معراج عابد) انٹرنیشنل لا انفورسمنٹ اداروں نے معصوم بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور بدسلوکی کے لیے بنائی گئی ڈارک ویب پلیٹ فارم بوائےان ٹاؤن کیخلاف کامیاب آپریشن کیا، اداروں نے آن لائن پلیٹ فارم جس کے پوری دنیا میں ہاف ملین صارفین تھے کو بند کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا، لا انفورسمنٹ اداروں نے اس کارروائی کے دوران قبضے میں لیے گئے مواد کی مدد سے عالمی سطح پر مزید آپریشنز کے ذریعے ایسے گھناؤنے نیٹ ورک چلانے والے جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جرمن کریمنل پولیس نے ڈارک ویب پر بچوں کیساتھ جنسی استحصال کے ایک پلیٹ فارم بوائے ان ٹاؤن کا نوٹس لیا جہاں پر معصوم بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کی ویڈیوز شیئر کی جاتی تھیں، جن کو اس ویب سائٹ کے نصف ملین سے زیادہ صارفین دیکھ سکتے تھے، یہ ویب سائٹ عام صارفین کی دسترس سے باہر ہوتی ہیں اور ان پرممبر شپ حاصل کرنے اورمعصوم بچوں کی یہ بدسلوکی اور جنسی ویڈیو دیکھنے کیلئے بہت بڑی فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ جرمن پولیس نے اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کیخلاف ایک آپریشن ترتیب دیا، جس میں دنیا کے مختلف اداروں سے مدد لی گئی، اس آپریشن میں جرمن فیڈرل کریمنل پولیس کے علاوہ امریکن ایجنسی ایف بی آئی، امریکن امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ آئی سی آئی ، آسٹریلین فیڈرل پولیس،اے ایف پی کوئینز لینڈ پولیس سروسز کیو پی ایس ،آسٹریلین سینٹر برائے انسداد چائلڈ ایکپلوٹیشن اے سی سی سی اے ،نیشنل پولیس سویڈن،نیشنل پولیس نیدرلینڈ، یوروپول اور رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس نے حصہ لیا، ان اداروں نے مشترکہ آپریشن کے ذریعے ڈارک ویب پر موجود اس سائٹ کو بلاک کرکے 4 افراد جن میں سے 3 کو جرمنی اور 1 شخص کو پیراگوئے سے گرفتار کیا گیا، اس ویب سائٹ کا تمام مواد تصاویر، ویڈیوز اور ڈارک ویب پر موجود چٹ چاٹ سائیٹس کو بھی ضبط کرلیا گیا۔ لاانفورسمنٹ اداروں کے مطابق قبضے میں لیے مواد کی مدد سے مذید آپریشن کیے جائیں گے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔

تازہ ترین