پشاور ( نمائند گان جنگ)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ہری پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے 600 کلو سے زائد مضر صحت و زائد المعیاد پھلوں کا گودا برآمد کرلیا، جسے جوس کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری کو سیل کرکے مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لکی مروت میں بھی ملاوٹ مافیا کی خلاف کارروائی کی گئی، جہاں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 4 بیکریز کے پروڈکشن یونٹس سیل کردئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق بیکریز کے پروڈکشن یونٹس میں صفائی کی صورتحال نہایت ناقص پائی گئی، جبکہ اشیاء کی تیاری میں زائد المعیاد اشیاء کی ملاوٹ کی جارہی تھی۔ کاروائی میں بیکریز کے پروڈکشن یونٹس کو سیل کر کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق دیر بالا میں بھی رات گئے ناکہ بندی کے دوران اشیاء خوردنوش کا معیار چیک کیا گیا۔ 60 کلو سے زائد مضر صحت اشیاء خوردنوش تلف کئے گئے۔