• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اقلیتی امور کو مکمل ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، وزیر زادہ

پشاور ( جنگ نیوز )وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ محکمہ اقلیتی امور کو مکمل ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے جبکہ اقلیتی کمیونٹی کے شکایات کے ازالے کے لئے کمپلینٹ ریڈرسل سیل کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اقلیتی امور کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران تمام سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اقلیتی کمیونٹی کے لئے گرانٹ ان ایڈ، جہیز فنڈز اور سکالرشپس پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو صوبے میں اقلیتی کمیونٹی کے لئے چرچ، گردواروں اور دیگر عبادت گاہوں پر بھی بحث کی گئی اور بتایا گیا کہ عبادت گاہوں کی تعمیر کے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اجلاس کو متعلقہ حکام نے جاری ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جاری سکیمیں امسال جون تک مکمل کئے جائینگے۔ اس موقع پر وزیر زادہ نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے اقلیتی کمیونٹی کے تمام تر مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ محکمہ کے ویب سائٹ پر تمام امور آن لائن کئے جائینگے جس میں اقلیتی برادری کے بیواؤں کے لئے سکیمز، جہیز گرانٹ، میرج گرانٹ، کاروباری سکیمز، ہاؤسنگ سکیمز وغیرہ کے بارے میں آن لائن معلومات فراہم کی جاسکے گی۔ اقلیتی کمیونٹی کے لوگ کمپلینٹ سیل کی فعالیت کے بعد کسی بھی قسم کی شکایت درج کرسکیں گے جبکہ محکمہ اس کے حل کے لئے بروقت عملدرآمد بھی کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ شمشان گھاٹ کی تعمیر اور قبرستانوں کے لئے اراضی پر سیکشن فور کے لئے بھی جلد از جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔
تازہ ترین