• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدنا علیؓ نے کفر کا غرور خاک میں ملایا،علامہ عباس بخاری

بریڈفورڈ (زاہد انور مرزا) علامہ پیر مخدوم سید عباس علی بخاری نے کہا ہے کہ حضرت علی المرتضیؓ کی دین اسلام کیلئے خدمات تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریڈفورڈ میں اپنی رہائش گاہ پر یوم علیؓ کے سلسلے میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ چہارم حضرت سیدنا علی المرتضیؓ کی تلوار نے کفر کا غرور خاک میں ملا دیا۔ علامہ عبا س علی بخاری نے کہا کہ حضرت علیؓ نے غزوہ بدر اور قلعہ خیبر جیسے معرکوں میں شجاعت و بہادری سے مقابلہ کرکے دشمن اسلام کو شکست فاش دی۔ یوم علی کی تقریب میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پیر سید عباس علی بخاری نے کی جب کہ مہمان خصوصی علامہ حافظ محمد حیات گجراتی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد حیات گجراتی نے کہا کہ سیدنا علی المرتضی نے دین متین کی خاطر اپنی جان کی قربانی دے کر دین اسلام کا پرچم ہمیشہ کیلئے بلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا علی المرتضی پہلے نوجوان تھے جو نبی کریمﷺ پر ایمان لائے ۔ تقریب کے آخر میں امت مسلمہ اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین