کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے پانی کا بحران پیدا کردیا،ہم نے عوام کا مقدمہ لڑا وفاقی حکومت نے مجبور ہوکر غیرقانونی تونسہ پنجند لنک کینال کو بند کیا، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے پانی کا بحران پیدا کردیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متنازع چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کا مقدمہ لڑا تو پی ٹی آئی حکومت نے مجبور ہوکر غیرقانونی تونسہ پنجند لنک کینال کو بند کیا، اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور غذائی بحران کیساتھ ایک نیا المیہ پیدا ہوجائیگااور قحط جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔بلاول ہاس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ارسا صرف واٹر اکارڈ کے تحت پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا ادارہ ہے، پانی کی ترسیل میں ارسا کی من مانیاں نہیں چلیں گی، منگلا ڈیم کو ارسا کے طے شدہ متنازع فارمولے سے زیادہ بھرنے کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ سکھر بیراج میں 27 فیصد جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی ہے، وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے۔