• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‏وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری


‏وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ 

‏اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کامیاب جی 20 سربراہ اجلاس کے انعقاد پرمبارکباد دی۔ 

‏وزیراعظم نے اقتصادی، ترقیاتی، ماحولیاتی اور دیگر ہونے والے فیصلوں کی بھی تعریف کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے 10 بلین ٹری منصوبے کو سراہا، ‏جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی جانب سے سعودی عرب گرین منصوبے کا خیر مقدم کیا۔ 

اعلامیے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق دوطرفہ تعلقات، سرکاری افسران اور نجی شعبے کے درمیان رابطوں، تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ 

اس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کے فروغ میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

اعلامیے مطابق وزیراعظم نے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل میں سعودی عرب کے مثبت کردار اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آغاز کا اعلان بھی کیا۔

سعودی ولی عہد نے پاکستان کو ترقی یافتہ فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ 

دونوں ممالک نے یمن تنازع کے جامع سیاسی حل کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی سرزمین پر اہم تنصیبات اور شہریوں کےخلاف بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کی مذمت کی گئی۔ 

تیل برآمدات اور توانائی کی فراہمی کے استحکام کو لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے یمن میں بحران کے حل کے لیے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

تازہ ترین