• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے کے آر میں بنگلادیشی کھلاڑی کی شمولیت، بی جے پی رہنما نے شاہ رخ خان کو ’غدار‘ قرار دیدیا

فوٹو — بھارتی میڈیا
فوٹو — بھارتی میڈیا

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسند رہنما سنگیت سوم نے اداکار شاہ رخ خان کو اپنی انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے لیے بنگلادیشی کھلاڑی کو خریدنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کی قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن سنگیت سوم نے شاہ رخ خان کو بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو خریدنے پر ’غدار‘ قرار دیا۔

اُنہوں نے میرٹھ میں ایک عوامی تقریب کے دوران کہا کہ ایک طرف بنگلادیش میں ہندو مارے جا رہے ہیں اور دوسری طرف آئی پی ایل میں ان کے کرکٹرز کو خریدا جا رہا ہے۔

انتہا پسند بھارتی رہنما نے کہا کہ غدار اداکار شاہ رخ خان نے بنگلادیشی کرکٹر مستفیض الرحمٰن کو 9 کروڑ روپے میں خرید لیا، ایسے غداروں کو اس ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

اُنہوں نے شاہ رخ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ اس ملک کے لوگوں نے اس مقام تک پہنچنے میں آپ کی مدد کی ہے تو اگر آپ کو پیسہ ملتا ہے تو وہ اس ملک سے ملتا ہے لیکن آپ نے اس ملک کے ساتھ غداری کی ہے۔

سنگیت سوم نے خبردار کیا کہ اگر مستفیض الرحمٰن جیسے کھلاڑی جنہیں 16 دسمبر کو آئی پی ایل 2026ء کی نیلامی کے دوران 9.2 کروڑ روپے میں خریدا گیا، وہ بھارت آتے ہیں تو یہاں ایئرپورٹ سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید