• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان ہادی قتل کیس: مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود کا قتل سے انکار، دبئی میں موجودگی کا دعویٰ

---کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
---کولاج بشکریہ سوشل میڈیا 

بنگلہ دیش کے معروف طلبہ رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کیس میں نیا موڑ آ گیا۔

عثمان ہادی قتل کیس کے مرکزی ملزم فیصل کریم مسعود نے ایک ویڈیو پیغام میں قتل میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بھارت میں نہیں بلکہ دبئی میں موجود ہے۔

 فیصل کریم مسعود نے ویڈیو پیغام میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عثمان ہادی کے قتل کے پیچھے جماعتِ اسلامی کے عناصر ہیں۔ 

فیصل کریم نے دعویٰ کیا کہ عثمان ہادی کو خود جماعت نے بنایا تھا اور اِنہیں ’جماعتی عناصر‘ نے ہی قتل کیا ہے۔

ملزم فیصل کریم نے ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ عثمان ہادی کے قتل کے پیچھے بنگلادیش کے طلبہ کی اسلامی جماعت ’جماعتِ شبیر‘ کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

ملزم فیصل مسعود کا کہنا تھا کہ ان کے اور عثمان ہادی کے درمیان تعلقات صرف کاروباری نوعیت کے تھے، اِنہیں اور اِن کے خاندان کو جان بوجھ کر اس معاملے میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ قتل کے جھوٹے الزام کے باعث انہیں ملک چھوڑ کر دبئی جانا پڑا جہاں وہ قانونی ویزے پر موجود ہیں۔ 

فیصل کریم مسعود نے الزام لگایا کہ ان کے اہلِ خانہ کو بےگناہ ہونے کے باوجود ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر وائرل اس ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ کس ملک میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ شریف عثمان ہادی کو 12 دسمبر کو ڈھاکا میں نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

عثمان ہادی طلبہ تحریک کے نمایاں رہنما تھے جس کے نتیجے میں گزشتہ سال شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید