• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، مزید 120 اموات، 4109 نئے مریض، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کل تک چلانے کی اجازت


کراچی،اسلام آباد(جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں)کوروناوبا کے باعث مزید 120 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 4 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 103 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,149,93 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 109 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 854,240 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ90 ہزار 756 ، پنجاب میں 3 لاکھ 16 ہزار 334، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 23 ہزار 150، اسلام آباد میں 77 ہزار 684، بلوچستان میں 23 ہزار 186 ، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 763 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 967 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد82 ہزار 731 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 120 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 797 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 957 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 752,712 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 4 مریض انتقال کرگئے ، 911 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور676 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے میں بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو کل شام 6بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، 10مئی شام6بجے سے15مئی صبح 6بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی رہے گی۔

فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں کوروناوباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد،چیف سیکرٹری پنجاب اور اعلی سول وعسکری قیادت نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے، حکومت وباء پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

تازہ ترین