• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا حدیبیہ پیپر ملز کیس کی نئے سرے سے تفتیش کا فیصلہ، شہباز شریف کے معاملے پر عدالت سے رجوع پر بھی غور

حکومت کا حدیبیہ پیپر ملز کیس کی نئے سرے سے تفتیش کا فیصلہ


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) حکومت نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی نئے سرے سے تفتیش کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دورہ سعودی عرب پر گفتگو کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پربھی مشاورت کی گئی جبکہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے‘جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا‘ اس کیس کو انجام تک پہنچانا از حد اہم ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو قانونی ٹیم نے شہباز شریف کے مقدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کا مقدمہ نئے سرے سے تفتیش کا متقاضی ہے‘ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے۔ اس مقدمے میں شہباز شریف اور نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ادھروزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔ اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ شریف خاندان نے سابقہ نیب چیئرمین قمرالزمان کو ساتھ ملا کر سپریم کورٹ میں اپیل ہی دائر نہیں ہونے دی تھی۔

تازہ ترین