پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور فلاح کے لیے بھرپور کام کیا ہے، موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کی کورونا میں فنڈنگ روک لی جو قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔
شہباز شریف کی زیرِ صدارت ن لیگ آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لیے امیدواروں کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سمیت آزاد جموں و کشمیر پارلیمانی بورڈ کے ارکان کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بورڈ نے شفافیت، غیر جانبداری اور انصاف کو برقرار رکھا، نوازشریف کے دورِ حکومت میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ریکارڈ فنڈنگ ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور فلاح کے لیے بھرپور کام کیا ہے، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے عوامی منصوبوں کو محنت، لگن اور ایمان داری سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔
اپنی پارٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی نظریاتی طور پر متحد اور یک جان ہے، الیکشن کی آمد ہے، یک جہتی، اتحاد اور بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان معاشی و سماجی محاذ پر تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔
اجلاس میں سینئر حریت رہنما اشرف صحرائی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اس حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت اشرف صحرائی جیسے کشمیری رہنماؤں کو منظم انداز میں قتل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مودی اس حکمتِ عملی سے مقبوضہ خطے کے عوام کے جذبہ آزادی کو کچل نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی فرسٹریشن اور مایوسی کے سبب کشمیری قیادت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
لیگی صدر نے کہا کہ مودی کو معلوم نہیں کہ برہان وانی کی شہادت نے کشمیری عوام میں آزادی کے لیے ایک نئی تڑپ پیدا کی۔
اجلاس میں ایل او سی پر فائرنگ سے شہید شہریوں اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے لیے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔