• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیبیہ پیپر مل میں کچھ غلط نہیں کیا تو شریف خاندان پریشان کیوں ہے؟ فردوس عاشق اعوان


وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے حدیبیہ پیپر ملز میں کچھ غلط نہیں کیا تو شریف خاندان پریشان کیوں ہے؟ معاون خصوصی نے ساتھ ہی بیورو کریسی کو بھی پیغام دے دیا۔

فردوس عاشق عوان نے ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے خصوصی ادارے فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ  کیا، خصوصی افراد کے ساتھ ملکر عید کا کیک کاٹا اور عیدی بھی تقسیم کی۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قانون کو گھر کی لونڈی بنانے والے آج بھی قانون کو اپنا غلام سمجھتے ہیں، ن لیگ کے حامی چاہتے ہیں کہ قانون چھوٹے افراد کو سالوں سزا دے اور شاہی خاندان کو چھوڑ دے، قانونی ٹیم کی مشاورت سے حدیبیہ پیپر مل کیس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کے خلاف کچھ نہیں ہے تو یہ خوفزدہ کیوں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت ایف آئی اے کے ذریعے انصاف کا بول بالا کرے گی۔

معاون خصوصی نے بیوروکریسی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کا کام پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہے پالیسی اگر صرف فائلوں میں دفن رہے گی تو اسے بنانے کا فائدہ نہیں ہے، عوامی مفاد کے راستے میں کوئی انتظامی افسر آیا تو زیرو ٹالرنس ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جو روایتی گلے سڑے نظام کو تحفظ دے گا اسکی چھانٹی ہو گی۔

تازہ ترین