بالی ووڈ اداکار وپن شرما نے کہا ہے کہ انھیں حال ہی میں ایک ایڈور ٹائز کی شوٹنگ کے لیے ممبئی میں کال موصول ہوئی تھی، جس پر انھیں بہت غصہ آیا تھا۔
انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے اس غصے اور نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا اور ذہنی دباؤ کے بحرانی دور میں شوٹنگ بلانا عجیب سا ہے۔
فلم ’تارے زمیں پر‘ اور ’کارتھک کالنگ کارتھک‘ میں اداکاری کرنے والے وپن شرما نے مزید کہا کہ یہ سب غیر ضروری تھا، کیونکہ اس وقت ایسے اقدامات کی اجازت نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
وپن شرما کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایڈ کے لیے بلانے والے ڈائریکٹر سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے کہا کہ انکا یہ فیصلہ مجرمانہ ہے، جس پر انھوں نے وپن شرما سے کہا کہ انھوں نے شوٹنگ منسوخ کردی ہے۔
خیال رہے کہ 2007 کی ہٹ فلم ’تارے زمیں پر‘ میں وپن شرما نے فلم کے مرکزی کردار ’ایشانت‘ کے والد کا کردار نبھایا تھا۔