• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں کورونا سے بیروزگاری، دلیپ کمار کے بھتیجے ایوب خان مفلسی کا شکار

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے اداکار ایوب خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوگئے ہیں کہ اب وہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ انھیں لوگوں سے مدد مانگنا پڑے گی۔

انکا کہنا ہے کہ انھوں نے گزشتہ ڈیڑھ برس سے کچھ نہیں کمایا اور اب جمع پونجی بھی ختم ہونے کو ہے۔

انھیں خدشہ ہے کہ اگر کورونا وائرس کا بحران جاری رہا اور حالات میں بہتری نہ آئی تو ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی آپشن نہ ہوگا کہ وہ مدد کے لیے لوگوں کی جانب دیکھیں۔ 

دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی اداکار ناصر خان اور 1940 اور 1950 کے عشرے کی معروف اداکارہ بیگم پارہ کے بیٹے ایوب خان کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے نافذ کردہ پندرہ روزہ لاک ڈاؤن  کی وجہ سے شوٹنگ بند ہے، اور کام متاثر ہورہا ہے اور ہر کوئی زندگی گزارنے کے لیے ہاتھ پاؤں مارہا ہے۔


52 سالہ ایوب خان نے کہا کہ میں ڈیڑھ برس سے مسلسل بیکار بیٹھا ہوں۔  اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پھر لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہ جائے گا۔

تازہ ترین