• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، جبری مشقت کیخلاف احکامات پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ پیشگی ادائیگی کر کے جبری مشقت کرانے والے بھٹہ مالکان کیخلاف ایکشن لے کر مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ عدالت نے جبری مشقت کے خاتمہ کے حکم پر عمل درآمد جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی دارالحکومت میں بھٹہ مزدوروں کو پیشگی ادائیگی کر کے جبری مشقت کرانے کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ سرکاری وکیل دانیال حسن نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے جبری مشقت کیخلاف ایکشن لیا ہے۔ جو ورکرز واپس جانا چاہتے تھے، انتظامیہ نے انہیں واپس بھجوانے کیلئے مکمل سہولت فراہم کی۔ پیشگی لینے والے بھٹہ مالکان کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اسسٹنٹ کمشنر کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بڑا زبردست کام کیا ہے جسے ہم سراہتے ہیں۔ اس سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی آئندہ سماعت تک جمع کرا دیں۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین