لاہور (اے پی پی، جنگ نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ جج کا حساب دنیا میں ہی ہو جاتا ہے، ججز عدالتی کارروائی سے قبل اپنے حلف نامے کو پڑھیں تو آپ کو ہمیشہ یاد رہے گا کہ آپ نے اپنے رب سے اور اپنے آپ سے کیا وعدہ کیا ہے،روزانہ رات کو سونے سے قبل اپنا محاسبہ کریں اپنی غلطیوں پر نظر رکھیں اور بہترین انصاف کی فراہمی کو اپنا شعار بنائیں۔
وہ گزشتہ روزپنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پری سروس ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے سول ججز میں اسناد تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس محمد شہرام سرور چوہدری، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ انصاف کرنا اللہ تعالیٰ کی صفت ہے اور یہ جج کا منصب اللہ تبارک و تعالیٰ کی جانب سے ہی عطاکردہ ہے، تمام سول ججز ایک مشکل مرحلے سے گزر کر عدلیہ کا حصہ بنے ہیں اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں آپکی صلاحیتوں کو مزید نکھارا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ججز اپنے حلف نامے کو اپنے سامنے رکھیں اور روزانہ عدالتی کارروائی سے پہلے اسکو پڑھیں۔