جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کا دباؤ کام کرگیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہوگئے۔
جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی راجا ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے رابطہ کیا گیا ہے اور عثمان بزدار سے ملاقات کا امکان بھی ہے ۔
ترین گروپ کی سرگرمیوں کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئے تھے، انہوں نےگزشتہ 48 گھنٹوں میں 50 سے زائد ارکانِ پنجاب اسمبلی سےملاقاتیں کیں۔
ترین گروپ اور ہم خیال گروپ کے ارکان بھی وزیراعلیٰ سے ملنے والوں میں شامل تھے، وزیراعلیٰ نے انتقامی کارروائیوں کا الزام مستر د کردیا۔
ذرائع کا کہناہےکہ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سعید اکبرن وانی کل اسمبلی میں خطاب کریں گے اور ترین گروپ کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے بھی اسمبلی فلور پر آگاہ کریں گے۔
گزشتہ روز جہانگیر ترین نے اسمبلیوں میں ہم خیال گروپ کی تشکیل کو پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیا تھا۔