• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1200 ارب کا مقروض صوبہ پنجاب ہمیں ورثے میں ملا تھا، ڈاکٹر فردوس عاشق

معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 1200 ارب کا مقروض صوبہ پنجاب ہمیں ورثے میں ملا تھا۔

ڈاکٹر  فردوس عاشق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی کے حکمران جگہ جگہ خسارے کی بارودی سرنگیں بچھا کر گئے تھے، زراعت کا شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے،  معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں،  وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار مہنگائی کا طوفان روکنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے میاں محمد شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف جان لیں ٹوٹا ہوا شیشہ جڑ بھی جائے تو نشان نہیں جاتے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پیٹ پھاڑ کر کرپشن کا مال نکالنے کے دعویدار تھوکتے ہیں پھر چاٹتے ہیں۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ جعلی راجکماری نے پی ڈی ایم میں بھی رخنے ڈالے، گزشتہ رات عشایئے میں شاہی خاندان کی شہزادی کو بلایا ہی نہیں گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری جن بیساکھیوں پر کھڑی ہیں ان کی اپنی کوئی حیثیت نہیں،  سیاسی یتیم اپنی بقا کے لیے آہ و بکا کرتے رہتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ میرے حوالے سے گھٹیا اور تضحیک آمیز پوسٹس لگائی جا رہی ہیں، ن لیگ کے درباریوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ ایمان کی طاقت والے بزدل نہیں ہوتے، یہ باہر بیٹھ کر پیچھے سے وار کرتے ہیں، راجکماری انہیں لگام دیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ گھر میں روٹھ کر بیٹھنے سے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی، کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، کسی کو حلف اٹھانے سے بھی نہیں روکا۔

تازہ ترین