• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوبیا کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

لال لوبیا جسے راجما یا انگریزی میں کڈنی بینز کہا جاتا ہے، اس کےاستعمال سے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جنہیں جاننا اور اِن کا استعمال کرنا صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔

غذائی ماہرین کی جانب سے لوبیا کو غذائیت سے بھر پور مفید غذا قرار دیا جاتا ہے جبکہ طبی ماہرین اس کا استعمال بطور غذا ایک کپ روزانہ کی بنیاد پر تجویز کرتے ہیں ۔

بینائی کی کمزوری یا خون کی کمی کی شکایت لے کر جب بھی کوئی مریض  ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو ایسے میں انہیں معالج راجما کے استعمال کا مشورہ  لازمی دیتے ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کو تجویز دی جانے والی مثبت غذاؤں کی فہرست میں بھی لوبیا ضرور نظر آتا ہے۔

لوبیا میں پروٹین، فائبر، فولیٹ، میگنیشیم، پوٹاشیم اور دیگر اہم غذائی اجزا بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں، راجما کی افادیت کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے ’لال لوبیا‘ کو غریبوں کا گوشت بھی کہا جاتا ہے۔

لال لوبیا کے استعمال سے بے شمار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں جن میں سے چند مندرجہ ذیل درج ہیں:

لوبیا میں فولیٹ (وٹامن بی9) اور فائبر بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جس کے سبب اس کا استعمال دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے اور شریانوں کو کشادہ کرتا ہے۔

لوبیا میں موجود ڈائیٹری فائبر نظام ہاضمہ کے راستوں میں جیل کا کام کرتا ہے جو کولیسٹرول کو جسم سے خارج کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اس  کے استعمال سے جسم سے اضافی اور منفی کولیسٹرل کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔

لوبیا اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے باعث اینٹی ایجنگ صلاحیت کا حامل ہے، اسے کھانے سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔

لوبیا بلڈشوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے اور آئرن کی کمی دور کرتا ہے۔

لوبیا کا استعمال وزن میں کمی کا ذریعہ بنتا ہے، اس کا روزانہ استعمال وزن میں تیزی سے کمی لاتا ہے۔

لوبیا جسم کے لیے انتہائی ضروری جز پروٹین پر مشتمل اور مضر صحت کولیسٹرول سے پاک غذا ہے جو مجموعی صحت کی بہتری کے لیے بےحد ضروری ہے۔

لال لوبیا کو استعمال میں کیسے لایا جائے ؟

لال لوبیا کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، اسے اچھی طرح دھو کر رات بھر بھگودیں پھر اسے اُبال کر اس سے مختلف پکوان بنالیں۔

بچوں کو کھلانے کے لیے اسے مختلف طرح کے کٹلس میں شامل کرسکتے ہیں۔

وزن میں کمی کے خواہشمند افراد اسے روزانہ سلاد میں شامل کر کے بھی کھا سکتے ہیں۔

چھوٹے بچے پراٹھا شوق سے کھاتے ہیں، اسے آلو کے ساتھ میش کرکے اس کا پراٹھا بنا کر بچوں کو کھلا سکتے ہیں۔

سوپ کے ذائقے اور غذائیت میں اضافے کے لیے اس میں لال لوبیا شامل کریں۔

جب بھی کوئی سبزی، ترکاری بنائیں اس میں لال لوبیا شامل کر لیں۔

چناچاٹ کی طرح آپ اس کی بھی مزیدار چاٹ بناسکتے ہیں یا مکس چنا چاٹ میں بھی اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

گھر میں بنائے گئے اسپرنگ رولز اور سموسوں میں بھی اس کا استعمال با آسانی کیا جا سکتا ہے۔

چائنیز رائس یا پلاؤ میں لال لوبیا شامل کر کے ذائقہ اور صحت دونوں کو بڑھایا جا سکتا ہے ۔

تازہ ترین