• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حجامہ ’کپنگ تھیراپی‘ کروانے کے فوائد

صحت اور بیماریوں کا انسان سے پرانا رشتہ ہے، بیماریاں پہلےقدیم زمانے میں بھی ہوا کرتی تھیں مگر اُس وقت اُن کی سمجھ بوجھ اور علاج کا شعور نہیں تھا، آ ج کل جہاں سائنس نے بے حد ترقی کر لی ہے وہیں صدیوں سے استعمال کیے جانے والا طریقہ حجامہ ’ کپنگ تھیراپی‘ آج بھی اپنی اہمیت اور افادیت رکھتا ہے بلکہ اب حجامہ بھی نئی جدت کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

حجامہ صدیوں سے استعمال کیے جانے والا سستا اور اسلامی تعلیمات سے تصدیق شدہ علاج ہے، حجامہ ایک ایسا اسلامی طریقہ علاج ہے جس کے ذریعے جسم سے گندا، مضر صحت خون نکال دیا جاتا ہے اور انسان بہت سی خطرناک بیماریوں سے بچ جاتا ہے، یہ علاج اس قدر مفید ہے کہ اب جدید سائنس بھی اس کی افادیت  کی ناصرف قائل ہو گئی ہے بلکہ اب تو مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اور معروف شخصیات بھی جسم کو ڈیٹاکس کرنے کے لیے حجامہ کرواتے ہیں۔

حجامہ کیسے کیا جاتا ہے  ؟

حجامہ کرنے کے لیے مریض کے جسم کے مختلف حصوں پر گول شکل کے کپ لگا دیئے جاتے ہیں، اسی لیے اس طریقہ علاج کو ’کپنگ تھیراپی‘ بھی کہا جاتا ہے، حجامہ سے قبل مطلوبہ جسم کے حصے پر زیتون یا کلونجی کا تیل لگا دیا جاتا ہے جس سے جلد پرسکون رہتی ہے، بعد ازاں جراثیم سے پاک کَپس میں ویکیوم پیدا کر کے انہیں  جلد پر لگا دیا جاتا ہے۔

ان کپس کو لگانے سے جِلد آکسیجن نہ ملنے کی صورت میں سوج کر پھول جاتی ہے، اب اس سوجی ہوئی جگہ پر بلیڈ کے ذریعے چھوٹے چھوٹے کَٹ لگا دیئے جاتے ہیں، ان کَٹس سے جسم پر کوئی تکیلف نہیں ہوتی، کَپس دوبارہ  جلد پر لگا دیئے جاتے ہیں۔

اس مرحلے میں اب گندا خون جسم سے باہر نکلنے لگتا ہے جسے 10 سے 20  منٹ بعد کپس ہٹا کر صاف کر دیا جاتا ہے، ایسے میں جسم گندے خون سے پاک ہو جاتا ہے اور انسان موجودہ شکایت سمیت متعدد بیماریوں سے بچ جاتا ہے۔

حجامہ اسلامی تعلیمات میں تصدیق شدہ

مختلف روایتوں میں آتا ہے کہ حجامہ ایک قدیم ترین اور نبی کریم حضرت محمدﷺ اور ملائکہ کا تجویز کردہ عمل ہے، حضرت محمدﷺ نے حجامہ لگانے کو افضل عمل قرار دیا ہے، اس قدیم طریقہ علاج میں جسم کے 143 مقامات سے مضر صحت خون نکالا جا سکتا ہے۔

حجامہ اور جدید سائنس

حجامہ کروانے کے نتیجے میں جسم کے اعضاء میں موجود  درد میں آرام سے لے کر صاف جِلد تک کا علاج ممکن ہے، جدید سائنس میں حجامہ پر کی جانے والی تحقیق کے مطابق حجامہ کروانے سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، جمنے والا فاسد خون خارج ہو جاتا ہے،  جسم سے زہریلا مواد نکل جاتا ہے، حجامہ کی تعلیمات چین کی قدیم کتابوں میں بھی ملتی ہیں۔

حجامہ سے کن بیماریوں کا علاج ممکن ہے ؟

حجامہ کروانے سے بلڈ پریشر، ذہنی دباؤ ، جوڑوں، پٹھوں ، کمر ، ہڈیوں ، سر (درد شقیقہ) مائیگرین، یرقان، دمہ، ایکنی، کیل مہاسوں، قبض، بواسیر، فالج، موٹاپا، کولیسٹرول، مرگی، گنجاپن اور موسمی الرجی سمیت متعدد بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔

حجامہ ’کپنگ تھیراپی‘ کرنے والے ماہرین کے مطابق حجامہ کروانے کے نتیجے میں انسان کا روحانی علاج بھی ممکن ہوتا ہے۔

تازہ ترین