• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

’’خونی رشتے‘‘ دنیا کے سب رشتوں سے بڑھ کر ہوتے ہیں۔ انسان لاکھ چاہنے کے باوجود بھی ان سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ اور ان رشتوں میں دادا، دادی، نانا، نانی کے رشتے خاص اہمیت کے حامل ہیں کہ دادا دادی یا نانا نانی کے ساتھ اپنے پن کا ایک خاص ہی احساس جڑا ہوتا ہے۔ تمام والدین تو فطری طور پر اپنے بچّوں سے پیار کرتے ہی ہیں، مگر دادا دادی اور نانا نانی کا لاڈ و پیار کچھ الگ ہی ہوتا ہے۔ یہ ہمارے والدین کے والدین، ہمیں اپنے تجربے سے بہت کچھ سکھاتے ہیں، اتنا کچھ کہ جو شاید ہی کوئی دنیا میں سکھا سکے۔ مَیں بھی ایک پوتے کا دادا ہوں۔ 

میرا پوتا، رانا محمد المیر، جو ابھی صرف چار برس کا ہے، مجھے دنیا جہاں سے زیادہ پیارا ہے۔ وہ میرے اور اپنی دادی کے دل کا چین، میری جِند جان ہے۔ اپنے بابا، ماما کے جگر کا ٹکڑا، پھوپو کی آنکھوں کا تارا ہے، تو گھر کی رونق اور بہار اسی کے دَم سے ہے۔ وہ سارا دن گھر میں ایک اودھم مچائے رکھتا ہے۔ بعض اوقات تو ایسی ایسی معصوم شرارتیں کرتا ہے کہ بے اختیار بلائیں لینے کو جی چاہتا ہے۔

مَیں اُس سے اکثر پوچھتا ہوں کہ ’’دادا تمہیں کیا کہتے ہیں؟‘‘ تو کہتا ہے ’’میرا گمول (منگول) اور کھچرا‘‘۔ دادی اسے ’’ماں صدقے جائے‘‘ پھوپو ’’مٹو‘‘ ماں ’’جان‘‘ بابا ’’نیرو‘‘ نانا ابّو ’’میرا چوہدری صاحب‘‘ بڑے ماموں ’’ببّر شیر‘‘ اور چھوٹے ماموں ’’ہنی بی‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ روز رات کو سونے سے قبل اپنے ننھّے ننّھے قدموں سے چلتا ہوا، میرے پاس آتا ہے اور بڑے پیار سے کہتا ہے ’’دادا!پُھک لگادیں‘‘ یعنی آیت الکرسی اور چاروں قل پڑھ کر پھونک ماردیں۔ جب آیتیں پڑھ کر اُس کے چہرے پر پھونک دیتا ہوں، تو خاموشی سے سونے چلا جاتا ہے۔

پھر صبح اٹھتے ہی سب سے پہلے مجھے آواز دیتا ہے اور نیچے آتے ہی باہر جانے کی فرمائش شروع کردیتا ہے۔ ٹرین اور ٹریکٹر کو بڑی محویت اور دل چسپی سے دیکھتا ہے، جب تک یہ دونوں چیزیں دیکھ نہ لے، چین سے نہیں بیٹھتا۔ جب میری انگلی پکڑ کر باہر جاتا ہے، تو میری روح سرشار ہوجاتی ہے۔ گھر میں مجھے نماز پڑھتے دیکھتا ہے، تو مصلّے پر برابر اکے بیٹھ جاتا ہے اور جیسے جیسے میں رکوع و سجود میں جاتا ہوں، ویسے ویسے کرتا جاتا ہے۔ 

اس کی نت نئی شرارتوں، شوخیوں اور من موہنی حرکتوں سے ہم سب خوب انجوائے کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اُسے تمام شر اور بلیات سے بچا کر صحت و تن درستی کے ساتھ اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، فیصل آباد)

تازہ ترین