• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادیوں میں کھانے کے بل کو مہذب زبان میں سلامی کہتے ہیں۔ میں عموماً شادیوں میں نہیں جاتا لیکن اگر مجبوراً جانا پڑ جائے تو اگر ہزار روپے کی سلامی دوں تو دو ہزار کا کھانا بھی ضائع کرکے آتا ہوں۔ یقین کریں اِس سے دل کو عجیب سی روحانی خوشی نصیب ہوتی ہے۔ آپ کو بھی اگر کبھی کسی شادی میں جانا پڑ جائے تو کچھ چیزوں کا خاص طور پر خیال رکھیں، مثلاً شادی سے تین دن پہلے صرف چنے کھا کر گزارہ کریں، ہر قسم کے اچھے کھانے سے سختی سے پرہیز کریں اور زیادہ سے زیادہ بھوک لگنے والی گولیاں کھانا شروع کر دیں۔ یہ بھی کوشش کریں کہ اگر ایک ہزار سلامی دینی ہے تو ہزار کا ایک نوٹ لفافے میں مت ڈالیں، سو سو روپے والے دس نوٹ ڈالیں، لفافہ زیادہ پھولا ہوا لگے گا، اگر ممکن ہو تو ہزار کے سکے کروا لیں، لفافے کا وزن ڈیڑھ دو کلو ہو جائے گا۔ سلامی کے مرحلے سے فارغ ہوکر ایک طائرانہ نظر پورے ہال پر ڈالیں اور بہترین جگہ منتخب کرکے چوکنے ہوکر بیٹھ جائیں۔ اس دوران دو تین دفعہ قسم کھا لیں کہ کچھ بھی ہو جائے سلامی کے پیسے بمعہ سود پورے کرنے ہیں۔یاد رہے کہ آج کل زیادہ تر شادیاں، شادی ہالوں میں ہوتی ہیں اور دس بجے سے پہلے پہلے ختم ہوجاتی ہیں لہٰذا لگ بھگ 9بجے کھانا کھول دیا جاتا ہے۔ جونہی کھانا کھلے آپ باوقار طریقے سے اُٹھیں اور غیر محسوسانہ طریقے سے قورمے والی ڈش کا بڑا چمچہ میز کے نیچے پھینک دیں اور خود چاولوں والا چمچہ سنبھال کر پلیٹ چاولوں سے بھر لیں۔ فائدہ یہ ہوگا کہ لوگ قورمے والی ڈش کا چمچہ تلاش کرکرکے ہلکان ہو جائیں گے اور جب آپ اپنی پلیٹ میں چاول ڈال کر قورمے والی ڈش کی طرف قدم بڑھائیں گے تو ڈش کے پاس کوئی رش نہیں ہوگا۔ اب ایساکریں کہ اُسی چاولوں والے چمچے سے قورمہ بھریں اور اپنی پلیٹ میں ڈال لیں۔ کسی کی نظروں کی پروانہ کریں۔ کھانے اور جنگ میں سب جائز ہے۔ پلیٹ میں کم سے کم پندرہ بیس بوٹیاں ضرور ڈالیں چاہے ایک بھی نہ کھائی جائے۔ اُس کے بعد کریٹ میں سے ایک ٹھنڈی بوتل نکالیں اور کوئی فارغ کرسی اپنے سامنے رکھ کر ڈنر شروع کردیں۔ اگر آپ کو محسوس ہو کہ چاولوں کی نسبت قورمہ زیادہ ہے تو کوئی بات نہیں، بھاڑ میں جائے یہ پلیٹ… نئی پلیٹ اٹھائیں اور اپنی مرضی کے تناسب سے کھانا ڈال لیں…۔ابھی بھی آپ کا چھ سو کا کھانا باقی ہے۔

لہٰذا ایک اور پلیٹ بھریں اور اُس میں تجربے کریں۔ مثلاً چاول اور قورمے پر آدھی بوتل سوڈے کی ڈال کر چکھیں۔ مزا نہ آئے تو نئی پلیٹ بھریں اور اُس میں دوسری بوتل ٹرائی کریں۔ میٹھے کی باری آئے تو دل میں یاد کریں کہ ابھی دو سو روپے باقی ہیں۔ لہٰذا کھائیں کم اور ضائع زیادہ کریں۔ اگر محسوس ہو کہ کھیر وافر مقدار میں بنائی گئی ہے تو اپنی رقم کو یاد کرتے ہوئے نہایت ہوشیاری سے کھیر میں قورمے کی دو پلیٹیں انڈیل دیں۔ اب آپ کے پیسے نہ صرف پورے ہوگئے بلکہ تین سو اوپر چڑھ گئے ہیں۔ فکر نہ کریں اوربوتلوں کے کریٹ کے پاس آجائیں۔ ہر بوتل کا ایک ایک گھونٹ چکھیں، بوتلیں کم ہوں تو تین چار بوتلیں مشکل وقت کے لئے بچا کر اپنی کرسی کے نیچے رکھ لیں نیز جاتے ہوئے بےدھیانی میں ٹھوکر مار کر دو تین بوتلیں توڑنا نہ بھولیں۔ اچھی طرح سیر ہوکر کھانے کے بعد لمبا سا ڈکار لیں اور مسکراتے ہوئے دولہا دلہن کے پاس آکر جانے کی اجازت طلب کریں۔اِن تمام نیک کاموں سے فارغ ہوکر اپنے گھر کی راہ لیں اکثر شادی سے واپسی پر پہلے سے زیادہ بھوک لگ جاتی ہے، کوئی مسئلہ نہیں، گھر پہنچتے ہی فریج میں سے مونگ کی دال نکالیں۔ روٹیاں نہیں تو ڈبل روٹی سے کام چلائیں۔ سالن اور دو سلائس گرم کرکے اپنی بھوک مٹائیں۔ باقی بےشک دو چمچ دال ہی کیوں نہ بچ جائے اُسے احتیاط سے فریج میں واپس رکھ دیں، ایسی انمول چیز ضائع تھوڑی کرتے ہیں۔

تازہ ترین