• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے ن لیگ اور نیب گٹھ جوڑ بھی دیکھا ہے، ناصر حسین شاہ

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ڈھیل اور ڈیل کا ایشو نہیں ہے، جو کچھ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوا ہے وہ سب جانتے ہیں، ہم نے ن لیگ اور نیب گٹھ جوڑ بھی دیکھا ہے، آصف زرداری بغیر سزا کے جیلوں میں رہے ہیں۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیاپاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ناصرحسین شاہ نے کہا کہ بلاول نے نواز شریف پر تنقید نہیں کی، بلاول نے دوغلے نظام کی بات کی ہے، ہم سب کا احترام کرتے ہیں، ایسے بیانات سے سیاسی رنجشیں بڑھتی ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں پی ڈی ایم متفق رہے، کہا جاتا ہے پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالی گئیں، ہم چاہتے ہیں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے حکومت سے جان چھڑائی جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن وفاقی حکومت کے خلاف متحد ہے، آپس کے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، وفاقی حکومت سے جان چھڑانے کیلئے ہم سب کو ساتھ ہونا ہوگا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، بلاول نے ایک پاکستان کہنے والوں کو 2 پاکستان دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں، تاجروں کی تکالیف اور پریشانیوں کا احساس ہے، تاجر برادری کا شکرگزار ہوں، اتوار کو تاجروں کے مطالبے پر غور کیا جائےگا، پیر کو تاجروں سے ملاقات کریں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام تاجرتنظیموں نےیقین دہانی کرائی کہ ویکسی نیشن کیلئےحکومت کی سپورٹ کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد دیکھتے ہوئے فیصلے کریں گے، اگر کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہوئی تو تاجروں کے مطالبات ضرور مانیں گے، کل ٹاسک فورس کی میٹنگ میں کورونا مثبت کیسز کے اعداد و شمار آئیں گے۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ اجلاس میں کورونا کیسزکی شرح میں اضافہ نظر آیا تو سخت فیصلوں پر مجبور ہوں گے، سوشل میڈیا پر ویکسی نیشن سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

ن لیگ نے کوئی ڈیل نہیں کی، رانا ثناء اللّٰہ

اسی پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ نے کوئی ڈیل نہیں کی، نہ کوئی رعایت مل رہی ہے، میری معلومات کے مطابق پیپلز پارٹی کو بھی رعایت نہیں مل رہی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ قانون و آئین کی بالا دستی کیلئے ماضی میں بھی ن لیگ اور پیپلز پارٹی اکٹھی ہوچکی ہیں۔

تازہ ترین