• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اُڑنے والے کبوتر کے پر کاٹ دیئے ہیں، شہباز گل


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل کبھی نہیں رکے گا ، باہر جانے والوں کو واپس لانے کی کوشش کریں گے ، اُڑنے والے کبوتر کے پر کاٹ دیئے ہیں وہ بھی کہیں نہیں جاسکیں گے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آجکل مسلم لیگ نون خاموش موڈ پر ہے ان کے ساتھ کوئی نہیں، بجٹ کے دنوں میں اپوزیشن حکومت پر حاوی ہوتی ہے لیکن اب باجی بھی خاموش ہیں اور چچا بھی خاموش ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ معاشی صورتحال اچانک ٹھیک نہیں ہوئی دوسال سے جاری اقدامات کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف مئی کے مہینے میں 16 لاکھ 92 ہزار ٹن تیل فروخت ہوا، معیشت بہتر نہیں ہوئی تو یہ تیل کہاں استعمال ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر تک پہنچ گئے 5 بڑے شہروں کے ماسٹر پلان پر کام ہورہا ہے ۔

شہباز گل نے کہا کہ عمران خان احتساب پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، وہ اصولوں پر کھڑے ہیں کسی کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہمارے بزرگ ہیں ان کی عزت کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر رپورٹ پر کام ہورہا ہے۔

تازہ ترین