• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا ڈہرکی ٹرین حادثے پر گہرے دُکھ کا اظہار

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثے پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو فون کیا اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

سید مراد علی شاہ نے مشینری کا فوری انتظام کرکے مسافروں کا نکالنے کے بندوبست کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ زخمیوں کا قریبی اسپتال میں علاج کیا جائے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں آبائی علاقوں میں بھیجنے کی ہدایت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسافروں کی عارضی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کیا جائے اور سسٹم بنایا جائے تا کہ مسافروں کے رشتے داروں کو معلومات مل سکیں۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 33 مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ایس ایس پی گھوٹکی عمرطفیل نے بتایا کہ 20 سے 25 افراد کے ابھی بھی بوگیوں کے نیچے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

 حادثے کا شکار بدقسمت ٹرین ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ دوسری ٹرین سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔

تازہ ترین