• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کورونا کے 707 نئے کیسز، 8 مریضوں کا انتقال ہوگیا، وزیراعلیٰ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 707 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مہلک وبا نے آج 8 افراد کی جان لے لی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مریض انتقال کرگئے جبکہ 707 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 668 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15115 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 707 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جو کہ تشخیص کی شرح کا 4.7 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 5144 ہوگئی ہے، جو کہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 4209547 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 324518 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 668 مریض صحتیاب ہو ئے ہیں جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 295504 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 91 فیصد ہے۔

انہو ں نے کہا کہ اس وقت 23870 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 22980 گھروں پر، 25 آئسولیشن سینٹرز میں اور 865 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 815 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 80 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج رپورٹ ہونے والے 707 نئے کیسز میں سے 375 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 139، ضلع وسطی 115، کورنگی 52، ضلع جنوبی 34، ملیر 29 اور ضلع غربی سے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دیگر اضلاع حیدرآباد 31، شہید بے نظیر آباد 25، بدین 22، شکارپور 21، قمبر 18، سانگھڑ 17، لاڑکانہ، سکھر، ٹھٹھہ اور سجاول 15۔ 15، دادو اور ٹنڈو الہ یار میں 14۔ 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسی طرح کشمور 13، نوشہرو فیروز 12، گھوٹکی اور عمرکوٹ 9۔9، جیکب آباد، مٹیاری، تھرپارکر اور جامشورو 8 ۔ 8، خیرپور اور میرپورخاص سے 4 ۔ 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کی۔

تازہ ترین